کرکٹ ورلڈ کپ 2027: پاکستان، بھارت اور آسٹریلیا ایک ہی گروپ میں شامل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2027 کرکٹ ورلڈ کپ کے گروپس کا اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق پاکستان، بھارت اور دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بھارت ورلڈ کپ میں اپنے ابتدائی دو میچز آسٹریلیا اور پاکستان کے خلاف کھیلے گا۔ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان میچ سات اکتوبر کو کیپ ٹاؤن میں ہوگا، جو 2023 ورلڈ کپ فائنل کا اعادہ بھی ہوگا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم گروپ میچ 10 اکتوبر کو جوہانسبرگ کے وانڈررز سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ یہ ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا وینیو ہے اور اس میچ کے ٹکٹوں کی طلب زیادہ رہنے کی توقع ہے۔

2027 کرکٹ ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کریں گے۔ ٹورنامنٹ کا آغاز چار اکتوبر کو ہوگا جبکہ فائنل 27 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان، بھارت اور آسٹریلیا کے علاوہ افغانستان، زمبابوے اور ایک کوالیفائر ٹیم بھی گروپ اے میں شامل ہوگی۔
ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے مطابق ابتدائی مرحلے میں تین کم درجہ بندی والی ٹیموں میں سے دو کو باہر کرنے کے بعد 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، جہاں راؤنڈ رابن مقابلے کھیلے جائیں گے۔

دونوں گروپس کی ابتدائی تین، تین ٹیمیں جبکہ مجموعی طور پر بہترین چوتھے نمبر کی ٹیم ’سپر سیون‘ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی۔ اس مرحلے کے بعد سیمی فائنلز اور پھر فائنل کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان دوطرفہ کرکٹ طویل عرصے سے محدود ہے۔ پاکستان نے آخری مرتبہ دسمبر 2012 میں بھارت کا دورہ کیا تھا، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ اور دو ٹی20 بین الاقوامی میچز کھیلے گئے تھے۔ اس کے بعد دونوں روایتی حریف زیادہ تر آئی سی سی مقابلوں میں ہی آمنے سامنے آئے ہیں۔

ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلوں میں بھارت کا ریکارڈ نمایاں رہا ہے۔ ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں آٹھ مرتبہ آمنے سامنے آئی ہیں اور تمام میچز بھارت نے جیتے، جبکہ ٹی20 ورلڈ کپ میں نو مقابلوں میں سے آٹھ میں بھارت کامیاب رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں