شنگھائی تعاون تنظیم کی 25ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان کی وزارتِ خارجہ کے دفتر میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں رکن ممالک کے سفیر اور نمائندگان شریک ہوئے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت ازبک سفیر علی شیر تختیوف اور ایرانی سفیر رضا امیری مقدم بھی موجود تھے۔
تقریب میں تنظیم کے قیام کے گزشتہ 25 برسوں کا جائزہ پیش کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ شنگھائی تعاون تنظیم نے خطے میں باہمی اعتماد کے فروغ، امن و سلامتی کے استحکام، اقتصادی تعاون کے فروغ اور وسیع یوریشیائی خطے میں رابطہ سازی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اس تنظیم نے رکن ممالک کے درمیان تعاون کو ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔
تقریب میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ مستقبل میں شنگھائی تعاون تنظیم تجارت کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے، ٹرانسپورٹ اور رابطہ کاری کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور ثقافتی تبادلوں کو وسعت دینے میں مزید مؤثر کردار ادا کرے گی۔
اس موقع پر اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ تنظیم رکن ممالک کے عوام کی مشترکہ خوشحالی اور پائیدار ترقی کے لیے نئی راہیں کھولنے میں اپنا کردار جاری رکھے گی۔