وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی ترقی، روزگار کی فراہمی اور آمدن میں اضافہ صرف صنعتی ترقی کے ذریعے ممکن ہے۔ انہوں نے یہ بات نجی شعبے کی کمیٹی کے پہلے جائزہ اجلاس میں زیرصدارت اظہار خیال کرتے ہوئے کہی، جس میں ملکی صنعتی ترقی کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں۔
وزیراعظم نے کاروبار میں آسانی اور سرمایہ کاری میں اضافے کو حکومت کی اولین ترجیحات قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملکی صنعتی ترقی کے لیے نجی شعبے کی تجاویز انتہائی اہمیت رکھتی ہیں۔ اجلاس میں صنعتکاروں کی جانب سے تیار کی گئی تجاویز کا بغور جائزہ لے کر عملدرآمد کا لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی کاروباری برادری نے مشکل حالات میں حکومتی پالیسیوں کے ساتھ تعاون کیا اور ملک کو معاشی بحرانوں سے نکالنے میں مدد دی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اللہ کے فضل و کرم سے ملک کی معیشت بہتر سمت کی طرف گامزن ہے، تاہم ترقی کے لیے مزید محنت کی ضرورت ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء، مشیران اور معاونین خصوصی کے ساتھ صنعتی ورکنگ گروپ کے صنعتکاروں نے بھی حصہ لیا۔ اس موقع پر ملکی صنعت کی مسابقت بڑھانے اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے پالیسی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا اور خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ موازنہ بھی پیش کیا گیا