‘یہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے’، حوثیوں کے حملے میں 3 پاکستانی شہریوں کی موت پر وزارتِ خارجہ کی شدید مذمت

پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بحیرہ احمر میں ایک تجارتی جہاز پر حملے کے نتیجے میں دستیاب معلومات کے مطابق تین پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوا ہے۔ انہوں نے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ پاکستان ایک غیر جنگی تجارتی جہاز پر حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ان کے مطابق اس طرح کے حملے بے گناہ جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ یہ حملے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں اور بحیرہ احمر میں آزادانہ جہاز رانی، بحری سلامتی اور تجارتی جہازوں کے تحفظ کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

وزیر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان واقعے کی مزید تفصیلات اور حالات جاننے کے لیے متعلقہ سعودی حکام اور یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے۔

انہوں نے ریاض میں پاکستانی سفارتخانے کو ہدایت کی کہ متعلقہ حکام کے ساتھ فوری رابطہ کرکے جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں وطن واپس لانے اور زخمی پاکستانی کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں