پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ، اسحاق ڈار نے چین کے سفیر، جیانگ زیدونگ کو بھارت کی جانب سے پاکستان پر کیے گئے حملوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا ہے۔
ملاقات کے بعد جاری کردہ سرکاری بیان میں کہا گیا کہ، اسحاق ڈار نے چینی سفیر کو بھارت کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری کی بلا اشتعال خلاف ورزی اور اس کے نتیجے میں بے گناہ جانوں کے ضیاع کے بعد پیدا ہونے والی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا۔
انہوں نے اس موقع پر پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ بھی کیا۔
ملاقات میں اسحاق ڈار اور چینی سفیر نے خطے میں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا، اور فیصلہ کیا کہ، تمام متعلقہ شعبوں میں دونوں ممالک قریبی رابطہ برقرار رکھیں گے۔
واضح رہے کہ، اس سے پہلے چین کی وزارت خارجہ بھارت کے پاکستان کے خلاف فوجی اقدام کو ’افسوسناک‘ قرار دے چکی ہے۔