7 سے 12 کے درمیان درجہ حرارت 48 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے، محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کردی

محکمہ موسمیات نے پاکستان میں شدید گرمی کی لہر کی وارننگ

پاکستانی محکمہ موسمیات نے 7 سے 12 جون تک ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی لہر کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے پشاور، مردان، بنوں، کرک، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 8 سے 11 جون کے دوران درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، جہاں پارہ 41 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ اسی دوران چترال، دیر، سوات اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت 37 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، میرپور، بھمبر، کوٹلی، باغ اور مظفرآباد میں 8 سے 10 جون کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پنجاب کے مختلف شہروں، جن میں لاہور، اوکاڑہ، قصور، فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، پاکپتن، رحیم یار خان، راجن پور، بہاولپور، بہاولنگر، بھکر، لیہ اور کوٹ ادو شامل ہیں، 8 سے 11 جون کے دوران درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

سندھ اور بلوچستان کے بعض اضلاع، جن میں سکھر، شکارپور، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، موہنجودڑو، دادو، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، خیرپور، نوشہروفیروز، سبی، تربت اور پنجگور شامل ہیں، وہاں 7 سے 12 جون کے دوران درجہ حرارت 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

کراچی میں بھی 8 سے 12 جون کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ رات کے اوقات میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے جنوبی پنجاب اور سندھ میں گرد آلود ہواؤں اور آندھیوں کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے۔ شہریوں، خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مشورہ دیا گیا ہے کہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک براہ راست دھوپ میں جانے سے اجتناب کیا جائے۔

محکمہ موسمیات نے کسانوں کو بھی موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر زرعی سرگرمیوں اور مویشیوں کی دیکھ بھال میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے جون سے اگست کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں معمول سے کم بارشوں اور معمول سے زیادہ درجہ حرارت کی پیش گوئی بھی کی ہے۔ ادارے کے مطابق پنجاب، سندھ، جنوبی خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارشیں معمول سے کم رہنے کا امکان ہے، جبکہ شمالی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہ سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں