وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے چھوٹے دکانداروں اور تاجروں کے لیے فکسڈ ٹیکس اسکیم متعارف کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام تاجروں کی مشاورت اور ان کے مطالبے پر کیا جا رہا ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق ملک بھر میں تقریباً 30 سے 40 لاکھ چھوٹے دکاندار اس اسکیم سے مستفید ہو سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ نئی اسکیم کا اطلاق ان تاجروں پر ہوگا جن کی سالانہ آمدن 20 کروڑ روپے سے کم ہے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اس اسکیم کے تحت رجسٹریشن کرانے اور مقررہ ٹیکس ادا کرنے والے چھوٹے تاجروں کا آڈٹ نہیں کیا جائے گا، جس سے انہیں کاروباری سہولت اور ٹیکس نظام میں آسانی میسر آئے گی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ رجسٹریشن نہ کرانے والے تاجروں کو جرمانوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس لیے تمام متعلقہ کاروباری افراد کو اسکیم میں شامل ہونے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔
وزیر خزانہ نے ملکی معیشت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے باوجود پاکستان کی معیشت مستحکم رہی، جبکہ گزشتہ سال سیلاب جیسی قدرتی آفات کے باوجود معاشی استحکام برقرار رکھا گیا۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی ٹیکس اسکیم سے ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہوگا اور چھوٹے کاروباری طبقے کو دستاویزی معیشت کا حصہ بننے میں مدد ملے گی۔