پاکستان اور نیوزی لینڈ کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کل بروز اتوار کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کے وقت کے مطابق صبح سوا چھ بجے میچ شروع ہوگا۔
پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں چند نوجوان کھلاڑی موجود ہیں،دیکھنا یہ ہے کہ ان کا پہلے میچ میں ڈیبیو ہوگا یا اس کے لئے انہیں انتظار کرنا پڑے گا۔ اوپننگ کےلئے محمد حارث اور عمیر بن یوسف پر مشتمل اوپننگ پیئر کھلانے کے امکانات ہیں، ویسے ایک آپشن حسن نواز کی بھی ہے، جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرنے والے حسن نواز کا تعلق لیہ سے ہے، ان کا ابھی تک ڈیبیو نہیں ہوا۔
مڈل آرڈر میں کپتان سلمان آغا، عثمان خان ،عرفان نیازی، خوشدل شاہ میں سے انتخاب ہوگا، یہ ممکن ہے کہ خوشدل کی جگہ پر شاداب خان کو شامل کیا جائے کیونکہ انہیں نائب کپتان بھی بنایا گیا ہے۔ لوئر مڈل آرڈر میں ایک آپشن جارحانہ شاٹس کھیلنے والے عبدالصمد بھی ہیں،ان کا بھی ابھی تک ڈیبیو نہیں ہوا۔تاہم ممکن ہے انہیں ابتدائی میچز میں موقعہ نہ دیا جائے، ان کی جگہ عرفان نیازی کے کھیلنے کے امکانات روشن ہیں۔
شاداب خان کے کھیلنے کی صورت میں صرف ایک مزید سپیشلسٹ سپنر ہی کھیل سکتا ہے، امکانات ہیں کہ وہ ابرار احمد ہوں گے، سفیان مقیم کو ریسٹ کرنا پڑے گا۔
فاسٹ باولنگ آپشنز دلچسپ ہوں گی، کیونکہ شاہین شاہ آفریدی اور حارث روف ون ڈے سکواڈ میں شامل نہیں مگر یہ دونوں ٹی ٹوئنٹی سکواڈ کا حصہ ہیں۔ ان کے علاوہ عباس آفریدی اور محمد علی کے علاوہ جہانداد خان بھی شامل ہیں۔ ان میں سے تین کا انتخاب کرنا پڑے گا۔
پاکستان ٹیم میں ممکنہ طور پر عمیر بن یوسف، محمد حارث ،سلمان آغا، عثمان خان، عرفان نیازی، عبدالصمد ، شاداب خان/خوشدل شاہ ،شاہین شاہ،آفریدی، عباس آفریدی/جہانداد خان، حارث روف اور ابرار احمد شامل ہو سکتے ہیں۔
پاکستانی ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا جبکہ نیوزی لینڈ کے کپتان بریسویل ہوں گے۔