سنگل فارمولا: پاکستان بمقابلہ بنگلادیش سیزیز سے کیا سبق ملا؟

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے انجام کے قریب ہے، اور یہ انجام پاکستانی شائقین کرکٹ کے لیے خوشی کی نہیں، تشویش کی خبر لے کر آیا ہے۔ میرپور میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں پاکستان کو آٹھ رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اس کے ساتھ ہی سیریز بھی بنگلہ دیش کے نام ہو گئی۔

یہ شکست محض اسکور بورڈ کی ایک ہار نہیں بلکہ کئی فنی، ذہنی اور حکمتِ عملی کی کمزوریوں کا مظہر ہے۔ بنگلہ دیشی ٹیم نے اگرچہ ابتدا میں مشکلات کا سامنا کیا، لیکن درمیانے اوورز میں ذاکر علی اور مہدی حسن نے جس ذمہ داری اور ذہانت کے ساتھ اننگز سنبھالی، وہ پاکستان کے لیے واضح پیغام تھی کہ حالات کیسے بھی ہوں، ذہن اگر حاضر ہو تو بیٹنگ ممکن ہے۔ ذاکر علی نے پانچ چھکے اور ایک چوکا مار کر نہ صرف اسٹیڈیم کا ماحول بدلا، بلکہ میچ کا رُخ بھی اپنی ٹیم کی جانب کر دیا۔

پاکستانی ٹیم کی جانب سے آغاز اچھا رہا۔ ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اور فہیم اشرف نے اپنے پہلے ہی اوور میں وکٹ لے کر امید دلائی کہ شاید آج کا دن پاکستان کا ہوگا۔ پاور پلے میں چار بنگلہ دیشی کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے، جن میں کپتان لٹن داس اور دونوں اوپنر شامل تھے۔ ایک موقع پر بنگلہ دیش کا اسکور صرف 28 رنز پر چار وکٹ تھا، لیکن اس کے باوجود پاکستان وہ دباؤ برقرار رکھنے میں ناکام رہا، جو ابتدائی حملے کے بعد ضروری ہوتا ہے۔

بنگلہ دیش نے 133 رنز کا ہدف دیا، جو اس سست اور اسپن دوست پچ پر قابلِ دفاع تصور کیا جا رہا تھا۔ پاکستانی بلے بازوں نے جیسے طے کر لیا ہو کہ ناکامی کو دہرانا ہے۔ ابتدائی چھ بلے بازوں کا مجموعہ صرف 18 رنز پر مشتمل تھا، جن میں تین کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ ایک موقع پر پاکستان کا اسکور صرف 30 رنز پر چھ وکٹ تھا۔ اس مرحلے پر اگر فہیم اشرف، احمد دانیال اور عباس آفریدی تھوڑی مزاحمت نہ کرتے تو شکست کی نوعیت کہیں زیادہ عبرتناک ہوتی۔

یہ سوال اب بار بار اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا پاکستانی ٹیم صرف ایک ہی طرز کی بیٹنگ حکمتِ عملی پر کاربند رہے گی؟ کوچ مائیک ہیسن نے بیٹنگ کو جارحانہ بنانے کی کوشش تو ضرور کی ہے، لیکن شاید ہر پچ اور ہر موقع اس جارحیت کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ خود کوچ نے بھی میچ کے بعد پچ پر عدم اطمینان ظاہر کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی معیار سے کمتر قرار دیا، تاہم اسی پچ پر بنگلہ دیش نے حالات کے مطابق بیٹنگ کی، اور پاکستان نے اس کا جواب غلط شاٹس اور جلد بازی سے دیا۔

گزشتہ سیریز میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو تین صفر سے شکست دی تھی اور اس وقت بیٹنگ کو ہی فتح کی بنیاد قرار دیا گیا تھا۔ آج جب شکست ہوئی ہے، تو اسی بیٹنگ نے ٹیم کو تنقید کی زد میں لا کھڑا کیا ہے۔ شاید اب وقت آ گیا ہے کہ سوچا جائے، کیا ہر میچ میں ایک ہی فارمولا لاگو ہو سکتا ہے؟ یا ہر میدان، ہر گیند، ہر بولر اور ہر پچ ایک الگ حکمتِ عملی کا تقاضا کرتا ہے؟

یہ بنگلہ دیش کی پاکستان کے خلاف دوسری ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت ہے، اور اس کامیابی میں صرف کرکٹ کی نہیں، بلکہ ذہن کی جیت بھی شامل ہے۔ پاکستانی ٹیم کے لیے اب فیصلہ کن سوال یہی ہے: وہ کب سیکھے گی کہ کھیل صرف ہنر سے نہیں، عقل سے بھی جیتا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں