پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پیر کے روز نمایاں تیزی کا رجحان دیکھا گیا جب کے ایس ای 100 انڈیکس کاروبار کے دوران 1 لاکھ 35 ہزار اور بعد ازاں 1 لاکھ 36 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔
آج کاروباری ہفتے کے آغاز پر انڈیکس 134300 پوائنٹس سے کھلا، تاہم سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی خریداری میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کے باعث مارکیٹ میں مسلسل بہتری دیکھنے میں آئی، جس کے نتیجے میں انڈیکس 136140 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
اس غیر معمولی تیزی پر تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ، معاشی محاذ پر مثبت اشاریے اس پیش رفت کی بڑی وجہ ہیں۔ معاشی تجزیہ کار جبران سرفراز نے میڈیا کو بتایا کہ، مارکیٹ میں بہتری کے پیچھے متعدد عوامل کارفرما ہیں، جن میں سب سے اہم آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کی معاشی اصلاحات کو سراہا جانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے آئندہ مانیٹری پالیسی میں شرح سود میں ممکنہ کمی کا عندیہ بھی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ مالیاتی سال کے نتائج کا سلسلہ بھی جاری ہے اور یو بی ایل کی جانب سے مثبت مالیاتی نتائج نے مارکیٹ میں ایک اور تقویت فراہم کی۔
ادھر وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی 136 ہزار پوائنٹس کی نئی ریکارڈ سطح عبور کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے کاروباری برادری کے اعتماد کا مظہر قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ، حکومت کا ہدف کاروباری طبقے کو ایک سازگار اور کاروبار دوست ماحول فراہم کرنا ہے، جو معیشت کے استحکام کی کنجی ہے۔