نائب وزیراعظم پاکستان سیکیورٹی خدشات پر مزاکرات کیلئے افغانستان پہنچ گئے

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ، اسحٰق ڈار ایک روزہ سرکاری دورے پر کابل پہنچ گئے، جہاں وہ افغان قیادت کے ساتھ سیکیورٹی، تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کریں گے۔ کابل ایئرپورٹ پر افغان حکام نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر افغانستان میں پاکستان کے سفیر، عبید الرحمٰن نظامانی اور دیگر سفارتی افسران بھی موجود تھے۔
دفتر خارجہ کے مطابق، اسحٰق ڈار کے اس دورے کے دوران افغان قیادت سے کئی اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔ ان میں افغانستان کے قائم مقام وزیراعظم، ملا محمد حسن اخوند، قائم مقام نائب وزیراعظم، ملا عبدالسلام حنفی اور قائم مقام وزیر خارجہ، عامر خان متقی شامل ہیں۔ ان ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان حالیہ تناؤ کو کم کرنے اور تعلقات کو بہتر بنانے کے امکانات پر غور کیا جائے گا۔
کابل روانگی سے قبل سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے، اسحٰق ڈار نے کہا کہ، پاکستان اور افغانستان کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں جنہیں وقت کی ضرورت کے مطابق مزید مستحکم کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ، پاکستان کو دہشتگردی کے حوالے سے شدید خدشات لاحق ہیں اور افغان فریق سے ان معاملات پر کھل کر گفتگو کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ، دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور ریلوے روابط جیسے شعبوں میں بے شمار مواقع موجود ہیں جنہیں بروئے کار لا کر خطے میں معاشی ترقی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ اسحٰق ڈار نے کہا کہ، جب تک افغانستان ایک فعال شراکت دار کے طور پر شامل نہیں ہوتا، پاکستان اور وسطی ایشیا کے درمیان ریلوے نیٹ ورک ممکن نہیں ہو سکتا۔
وزیر خارجہ نے زور دیا کہ، افغانستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اسی مقصد کے تحت وہ خیر سگالی کا پیغام لے کر کابل جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ، دونوں مسلم ہمسایہ ممالک کو ایک دوسرے کے ساتھ مل کر عوام کی بھلائی اور ترقی کے لیے کام کرنا چاہیے۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دونوں ممالک کے تعلقات میں تناؤ پایا جاتا ہے۔ حالیہ مہینوں میں سرحدی جھڑپوں، افغان پناہ گزینوں کی واپسی اور پاکستان میں دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات نے دونوں ممالک کے تعلقات کو متاثر کیا ہے۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ، دہشتگرد گروہ افغان سرزمین استعمال کر رہے ہیں، جبکہ افغان حکام ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔
حالیہ دنوں میں افغانستان کے وزیر صنعت و تجارت نورالدین عزیزی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی افغان وفد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا، جس کا مقصد دو طرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینا تھا۔ اسحٰق ڈار نے اس پیشرفت کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی اور تعاون کو مزید فروغ دے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں