برطانیہ کے معروف بافٹا ایوارڈز 2026 میں اس سال سب سے بڑا اعزاز فلم “ون بیٹل آفٹر انادر” نے اپنے نام کیا۔ یہ رنگا رنگ تقریب لندن کے رائل فیسٹیول ہال میں منعقد ہوئی جہاں فلمی دنیا کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
اس فلم میں ہالی ووڈ اسٹار لیونارڈو ڈی کیپریو اور اداکارہ تیانا ٹیلر نے مرکزی کردار ادا کیے، جبکہ ہدایتکار پال تھامس اینڈرسن ہیں۔ فلم مجموعی طور پر چھ بڑے ایوارڈز جیتنے میں کامیاب رہی جن میں بہترین فلم، بہترین ہدایتکار اور بہترین اسکرین پلے شامل ہیں۔ بہترین معاون اداکار کا اعزاز شان پین کے نام رہا۔ بہترین فلموں کی دوڑ میں اس نے “سنرز”، “ہیمنٹ”، “مارٹی سپریم” اور “سینٹی مینٹل ویلیو” جیسی نمایاں فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
ایوارڈ وصول کرتے ہوئے پال تھامس اینڈرسن نے کہا کہ جو لوگ سمجھتے ہیں کہ آج کل معیاری فلمیں نہیں بن رہیں وہ غلط ہیں۔اس سے قبل یہ فلم گولڈن گلوب ایوارڈ، کریٹکس چوائس ایوارڈ اور ڈائریکٹرز گلڈ آف امریکہ ایوارڈ بھی جیت چکی ہے، جس کے بعد آئندہ ہونے والے اکیڈمی ایوارڈز (آسکرز) میں اس کی پوزیشن مزید مضبوط سمجھی جا رہی ہے۔
دوسری جانب فلم “سنرز” نے بھی تین اہم ایوارڈز اپنے نام کیے جن میں بہترین معاون اداکارہ کا اعزاز ونمی موساکو کو ملا، جبکہ بہترین اوریجنل اسکرین پلے بھی اسی فلم کے حصے میں آیا۔ فلم کے ہدایتکار ریان کوگلر نے اپنے خطاب میں نئے لکھاریوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی تخلیقات میں محبت اور انسانیت کو مرکزی حیثیت دیں۔
تقریب کا سب سے حیران کن لمحہ اس وقت آیا جب بہترین اداکار کا ایوارڈ برطانوی اداکار رابرٹ آرامایو نے فلم “آئی سوئیر” میں ادا کیے گئے کردار پر جیت لیا۔ انہوں نے ٹوریٹ سنڈروم کے شکار ایک سماجی کارکن کا کردار نبھایا تھا۔ اس کیٹیگری میں لیونارڈو ڈی کیپریو، تیموتھی شالامی، مائیکل بی جورڈن اور ایتھن ہاک جیسے بڑے نام شامل تھے۔ ایوارڈ وصول کرتے ہوئے آرامایو نے کہا کہ ان عظیم اداکاروں کے ساتھ نامزد ہونا ہی ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیسی بکلی نے فلم “ہیمنٹ” میں شیکسپیئر کی اہلیہ کا کردار ادا کرنے پر حاصل کیا۔
تقریب میں کچھ دلچسپ مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔ مشہور کردار پیڈنگٹن بیئر نے بچوں کی بہترین فلم کا ایوارڈ پیش کیا۔ لفافہ کھولنے میں دشواری پر انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ پنجوں کے ساتھ یہ آسان نہیں ہوتا۔ یہ ایوارڈ بھارتی فلم “بونگ” کو دیا گیا۔
برطانوی ولی عہد پرنس ولیم بھی تقریب میں شریک ہوئے، جو بافٹا تنظیم کے صدر ہیں۔اب فلمی دنیا کی نظریں آئندہ اکیڈمی ایوارڈز پر مرکوز ہیں جہاں مقابلہ مزید سخت ہونے کی توقع ہے۔