بھارت میں میڈیکل انٹری ٹیسٹ پرچہ لیک کے الزامات کے بعد منسوخ، لاکھوں طلبہ پریشان

بھارت میں میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لیے ہونے والا اہم امتحان نیٹ یو جی پیپر لیک کے الزامات کے بعد منسوخ کر دیا گیا ہے، جس کے باعث لاکھوں طلبہ پریشانی کا شکار ہیں۔

امتحان منعقد کرانے والے ادارے نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے کہا ہے کہ تین مئی کو ہونے والا امتحان دوبارہ لیا جائے گا جبکہ نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

بھارت میں ہر سال لاکھوں طلبہ میڈیکل کالجوں میں محدود نشستوں کے لیے اس امتحان میں حصہ لیتے ہیں۔ اس بار بھی بائیس لاکھ سے زائد امیدوار امتحان میں شریک ہوئے تھے۔

متعدد طلبہ نے امتحان منسوخ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ بعض طلبہ کا کہنا ہے کہ اگر پیپر واقعی لیک ہوا ہے تو امتحان دوبارہ کرانے کا فیصلہ درست ہے تاکہ محنت کرنے والے امیدواروں کے ساتھ انصاف ہو سکے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پیپر لیک کا تعلق ریاست راجستھان سے ہو سکتا ہے۔ جبکہ بھارتی تحقیقاتی ادارے سینٹرل بیورو آف انویسٹیگیشن نے بھی اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں