پاکستانی ماڈل اور اداکارہ نادیہ حسین نے ایف آئی اے پر رشوت ستانی کے الزامات عائد کرنے کے بعد معافی مانگ لی ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ان کے بیان سے ایف آئی اے کے افسران کی دل آزاری ہوئی، جس پر وہ معذرت خواہ ہیں۔
نادیہ حسین نے اپنے شوہر عاطف محمد خان کی بینک فراڈ کیس میں گرفتاری کے بعد ایف آئی اے کے ایک افسر پر رشوت طلب کرنے کا الزام لگایا تھا۔ ان کا یہ بیان ایک ریکارڈ شدہ ویڈیو کے ذریعے سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا، جس کے بعد ایف آئی اے نے انہیں طلب کر لیا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق نادیہ حسین کو ایک جعلی کال موصول ہوئی تھی، جسے وہ سرکاری افسر کی کال سمجھ بیٹھیں۔ تاہم، انہوں نے قانونی کارروائی کرنے کے بجائے الزام پر مبنی بیان سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا۔
نادیہ حسین کے الزامات کے بعد ایف آئی اے نے ان کے فلیٹ پر چھاپہ مارا اور ان کا موبائل تحویل میں لے لیا۔ بعد ازاں، انہیں بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا گیا، جہاں انہوں نے ایف آئی اے سائبر کرائم کے دفتر میں اپنی وضاحت پیش کی۔
ایف آئی اے سے معذرت کرتے ہوئے نادیہ حسین نے کہا:
“اگر میرے ویڈیو بیان کی وجہ سے ایف آئی اے کے افسران کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں معذرت خواہ ہوں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے اسکیم کے حوالے سے تمام معلومات حکام کو فراہم کر دی ہیں اور جعل سازوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام ان سے محفوظ رہ سکیں۔
نادیہ حسین کے شوہر عاطف محمد خان بینک الفلاح سیکیورٹیز کے سابق سی ای او ہیں اور ان پر 540 ملین روپے کی مالیاتی دھوکہ دہی کا الزام ہے۔ ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے انہیں 8 مارچ 2025 کو گرفتار کیا تھا۔