بھارتی وزرات دفاع نے ایک اعلامیے میں کہا ہے کہ اس کی مسلح افواج نے پاکستان میں فضائی دفاعی ریڈار اور نظام کو نشانہ بنایا ہے۔ اعلامیے کے مطابق یہ کارروائی ایک رات قبل پاکستان کی جانب سے مبینہ طور پر شمالی اور مغربی بھارت میں فوجی تنصیبات پر ڈرون اور میزائل حملوں کے جواب میں کی گئی۔
بھارتی وزارت دفاع کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 7 اور 8 مئی کی درمیانی شب پاکستان نے اونتی پورہ، سری نگر، جموں، پٹھان کوٹ، امرتسر سمیت متعدد مقامات پر فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم انہیں “انٹیگریٹڈ کاؤنٹر یو اے ایس گرڈ اور ایئر ڈیفنس سسٹمز” کے ذریعے ناکام بنا دیا گیا۔ بھارت نے ان مبینہ حملوں کے ملبے مختلف مقامات سے برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارتی مسلح افواج نے آج صبح پاکستان میں متعدد مقامات پر فضائی دفاعی ریڈار اور نظام کو اسی شدت کے ساتھ نشانہ بنایا جیسا کہ پاکستان نے کیا تھا۔بھارتی وزارت دفاع کے مطابق قابل اعتماد ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ لاہور میں ایک فضائی دفاعی نظام کو غیر فعال کر دیا گیا ہے۔
دریں اثنا، بھارت نے یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پار بلا اشتعال فائرنگ کی شدت میں اضافہ کر دیا ہے، جس میں مارٹر اور بھاری توپ خانے کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں تین خواتین اور پانچ بچوں سمیت سولہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔