شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کی بدولت ملک میں آزادی قائم ہے، پاکستان آرمی چیف

آرمی چیف آف پاکستان، جنرل عاصم منیر نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو)، راولپنڈی میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو بہادری اور نمایاں خدمات پر فوجی اعزازات سے نوازا۔ شہداء کے اعزازات ان کے اہل خانہ نے وصول کیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے شہداء اور غازیوں کو قوم کا فخر قرار دیا اور کہا کہ، ان کی قربانیوں کی بدولت آج ملک میں امن اور آزادی قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ، شہداء کا احترام ہر پاکستانی کے لیے قابلِ عزت اور مقدس فریضہ ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف نے مختلف فوجی آپریشنز میں غیر معمولی جرات اور قومی خدمات انجام دینے والے افسران و جوانوں کو ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ بسالت جیسے اعلیٰ اعزازات سے نوازا۔

اس تقریب میں فوجی قیادت، ایوارڈ یافتگان کے اہل خانہ اور دیگر معزز مہمانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شہداء کے میڈلز ان کے اہل خانہ نے جذباتی ماحول میں وصول کیے۔
جنرل عاصم منیر نے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ، ان کی قربانیاں پاکستان کے امن، استحکام اور روشن مستقبل کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین کے جذبے اور استقامت کی بھی بھرپور تعریف کی اور ان کی قربانیوں کو سراہا۔

آرمی چیف نے اس موقع پر پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف جدوجہد اور قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں