میٹا کا بڑا اعلان: نوعمروں کی نجی اے آئی چیٹس پر والدین کا کنٹرول ممکن

سوشل میڈیا کمپنی میٹا نے اعلان کیا ہے کہ اب والدین کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ انسٹاگرام پر اپنے نوعمر بچوں کی اے آئی چیٹ (AI Chat) فیچر کو بند کر سکیں۔ یہ فیصلہ کمپنی کے ان اقدامات کا حصہ ہے جو کم عمر صارفین کے لیے پلیٹ فارم کو مزید محفوظ بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ میں ریگولیٹری ادارے اے آئی کمپنیوں پر ان کے چیٹ بوٹس کے منفی اثرات کے حوالے سے سخت نظر رکھے ہوئے ہیں۔ گزشتہ ماہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ میٹا کے اے آئی چیٹ بوٹس نے نوعمروں کے ساتھ نامناسب گفتگو کی اجازت دی تھی، جس پر کمپنی کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

میٹا کے مطابق، نیا فیچر والدین کو یہ سہولت دے گا کہ وہ نہ صرف مخصوص اے آئی کرداروں (AI Characters) کو بلاک کر سکیں بلکہ یہ بھی دیکھ سکیں کہ ان کے بچے عام طور پر کن موضوعات پر بات کر رہے ہیں۔ تاہم، والدین اگر چاہیں تو مکمل طور پر اے آئی چیٹ کو بند کیے بغیر نگرانی جاری رکھ سکیں گے۔

انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری ( Adam Mosseri) اور میٹا کے چیف اے آئی آفیسر الیگزینڈر وانگ (Alexandr Wang) نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ یہ فیچر اگلے سال کے آغاز میں امریکہ، برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا میں متعارف کرایا جائے گا۔

کمپنی نے وضاحت کی کہ اگر والدین نوعمروں کی ایک-آن-ون چیٹس کو بند بھی کر دیں، تب بھی میٹا کا اے آئی اسسٹنٹ عمر کے لحاظ سے موزوں مواد تک رسائی فراہم کرتا رہے گا۔

میٹا کے مطابق، یہ نیا نظام ان حفاظتی اقدامات پر مبنی ہے جو پہلے ہی کم عمر صارفین کے لیے نافذ ہیں، اور کمپنی اے آئی سگنلز کی مدد سے ان صارفین کی نشاندہی بھی کرتی ہے جو غلط عمر درج کر کے سروس استعمال کر رہے ہوں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اوپن اے آئی (OpenAI) نے بھی ChatGPT کے لیے والدین کی نگرانی کا فیچر متعارف کرایا تھا، جس کے تحت والدین ویب اور موبائل پر بچوں کی چیٹس کی نگرانی کر سکتے ہیں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں