میکلمور کا ’فری فلس-طین ٹور‘ مقبول، یورپ کے تینوں شوز کے ٹکٹ فروخت

فلس-طینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے امریکی ریپر میکلمور کی جانب سے اعلان کیا گیا ’فری فلس-طین ٹور‘ یورپ میں شائقین کی بھرپور توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔ ڈبلن، پیرس اور لندن میں ہونے والے تینوں شوز کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔

میکلمور نے 30 ستمبر کو انسٹاگرام کے ذریعے ٹور کے تمام شوز ہاؤس فل ہونے کی اطلاع دی اور مداحوں کے ردعمل پر خوشی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس پذیرائی سے واقعی متاثر ہوئے ہیں۔

ریپر کے مطابق ان کنسرٹس کا مقصد فلس-طین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ امدادی سرگرمیوں کے لیے مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔ ٹور سے حاصل ہونے والی آمدنی فلس–طینیوں کی مدد کرنے والی تنظیموں کو دی جائے گی، جن میں غزہ سوپ کچن، میڈیکل ایڈ فار فلس-طین اور فلس-طین چلڈرنز ریلیف فنڈ شامل ہیں۔

یہ ٹور اس وقت سامنے آیا جب میکلمور کو امریکی گلوکار ایڈ شیرن کے ’لوپ ٹور‘ سے الگ کردیا گیا۔ 4 ستمبر کو نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں پرفارمنس کے دوران میکلمور نے فلس-طینیوں کے حق میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے ’فری فلس-طین‘ کا نعرہ لگایا تھا۔

بعد ازاں ایڈ شیرن نے واضح کیا کہ میکلمور کو ٹور سے ہٹانے کا فیصلہ ان کا ذاتی فیصلہ نہیں تھا بلکہ منتظمین نے کیا تھا۔ ان کے مطابق بعض مقامات نے میکلمور کی موجودگی کی صورت میں شوز کی میزبانی نہ کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

اب ’فری فلس-طین ٹور‘ کا پہلا کنسرٹ 26 اکتوبر کو ڈبلن کے تھری ایرینا، دوسرا 29 اکتوبر کو پیرس کے اکور ایرینا اور تیسرا 30 اکتوبر کو لندن کے او وی او ایرینا ویمبلی میں ہوگا۔

کنسرٹس کو فی الحال ’میکلمور اینڈ فرینڈز‘ کے نام سے پیش کیا جارہا ہے، تاہم شریک فنکاروں کے نام ابھی سامنے نہیں آئے۔ میکلمور کے مطابق مہمان فنکاروں کی فہرست بعد میں جاری کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں