فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ کے میچ میں کولمبیا نے ازبکستان کو 1-3 سے شکست دے دی۔ یہ ازبکستان کا ورلڈ کپ میں پہلا میچ تھا۔
میکسیکو سٹی کے اسٹیڈیو ازٹیکا میں کھیلے گئے میچ میں کولمبیا کی جانب سے ڈینیئل مونوز، لوئس ڈیاز اور جامنٹن کمپاز نے گول کیے۔
ازبکستان نے میچ کے زیادہ تر حصے میں منظم کھیل پیش کیا اور پہلے ہاف میں کولمبیا کو زیادہ مواقع نہیں دیے، تاہم 40ویں منٹ میں لوئس ڈیاز کے خوبصورت پاس پر ڈینیئل مونوز نے کولمبیا کو برتری دلا دی۔
دوسرے ہاف میں ازبکستان نے بہتر کھیل پیش کیا اور 60ویں منٹ میں عباس بیک فیض اللہ ایف نے گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔ یہ ازبکستان کی ورلڈ کپ تاریخ کا پہلا گول تھا۔
تاہم ازبکستان کی خوشی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی۔ 65ویں منٹ میں لوئس ڈیاز نے گول کر کے کولمبیا کو دوبارہ برتری دلا دی۔
ازبکستان نے آخری لمحات میں برابر کرنے کی کوشش کی، لیکن کولمبیا نے اضافی وقت کے نویں منٹ میں تیسرا گول کر کے میچ اپنے نام کر لیا۔
میچ میں کولمبیا نے مجموعی طور پر 15 جبکہ ازبکستان نے 9 شاٹس لگائیں۔
کولمبیا اپنا اگلا میچ منگل کو ڈی آر کانگو کے خلاف کھیلے گا، جبکہ ازبکستان اسی روز پرتگال کا سامنا کرے گا۔