آئرلینڈ کی 31 سالہ فٹبالر میگن کیمبل نے خواتین کی فٹبال میں سب سے لمبی تھرو پھینکنے کا نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ میگن، جو لندن سٹی لائنیسز کلب کی نمائندگی کرتی ہیں، نے 37.55 میٹر لمبی تھرو پھینک کر پچھلے 35 میٹر کے ریکارڈ کو توڑ دیا۔ یہ ریکارڈ کینٹ میں ان کے کلب کے تربیتی میدان میں بنایا گیا، جہاں 35 میٹر کے فاصلے پر ایک پُتلا رکھا گیا تھا تاکہ وہ اس سے زیادہ فاصلہ عبور کر سکیں۔ میگن نے ایک شاندار اوور ہیڈ تھرو کے ذریعے اس پُتلے سے 2.55 میٹر آگے گیند پھینکی، جس کے بعد یہ تھرو عالمی ریکارڈ میں شامل کر دی گئی۔
ریکارڈ قائم کرنے کے بعد میگن کیمبل نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “یہ میرے لیے ایک خاص اور حیرت انگیز لمحہ ہے۔ میں چاہتی ہوں کہ کوئی مجھ سے بھی زیادہ لمبی تھرو پھینکے اور اس ریکارڈ کو توڑنے کی کوشش کرے۔”
میگن نے بتایا کہ انہوں نے گیند دور پھینکنے کی مہارت نوجوانی میں لڑکوں کی ٹیم کے ساتھ کھیلتے ہوئے حاصل کی۔ وہ کہتی ہیں کہ تب بھی ان کی تھرو اپنے ساتھی کھلاڑیوں سے زیادہ طاقتور ہوتی تھی، جو اب عالمی ریکارڈ کی صورت میں سامنے آئی ہے