مشرقی لیبیا کے فوجی انٹیلی جنس سربراہ بم دھماکے میں ہلاک

مشرقی لیبیا کی خود ساختہ لیبئن نیشنل آرمی (ایل این اے) کے انٹیلی جنس سربراہ میجر جنرل فوزی المنصوری کو بن غازی میں ایک ٹارگٹڈ حملے میں ہلاک کر دیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فوزی المنصوری اس وقت نشانہ بنے جب بن غازی کے علاقے حواری میں ان کے گھر کے باہر گاڑی میں نصب دھماکا خیز مواد پھٹ گیا۔

مشرقی لیبیا کی حکومت کے وزیراعظم اسامہ سعد حماد نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے “بزدلانہ دہشت گرد حملہ” قرار دیا اور واقعے کی تحقیقات کا عزم ظاہر کیا۔

فوزی المنصوری کو 2024 میں میجر جنرل کے عہدے کے ساتھ فوجی انٹیلی جنس کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔

لیبیا میں 2011 میں معمر قذافی کے اقتدار کے خاتمے کے بعد سے سیاسی تقسیم اور سکیورٹی مسائل برقرار ہیں۔ ملک کا مشرقی حصہ خلیفہ حفتر کی قیادت میں لیبئن نیشنل آرمی کے زیر اثر ہے، جبکہ مغرب میں اقوام متحدہ سے تسلیم شدہ حکومت طرابلس میں قائم ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں