لبنانی مسلح افواج کے سربراہ جنرل روڈولف ہائیکل کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور دو طرفہ دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

لبنان کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل روڈولف ہائیکل نے منگل کے روز جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی صورتحال اور دفاعی تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو پاک فوج کے تینوں شعبوں پر مشتمل چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں عسکری رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال، دفاعی تعاون اور دوطرفہ فوجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر گفتگو کی۔ بات چیت میں پیشہ ورانہ روابط، تربیتی تعاون اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان ادارہ جاتی روابط کے فروغ پر بھی زور دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان لبنان کے ساتھ اپنے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور پاکستان آرمی لبنان کی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔

لبنانی فوج کے سربراہ جنرل روڈولف ہائیکل نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عملی کارکردگی کو سراہتے ہوئے علاقائی امن، استحکام اور عالمی امن مشنز میں ان کے کردار کی تعریف کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان فوجی تعاون کو مزید فروغ دینے اور باہمی روابط مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں