اسرائیل کے غزہ کے ساتھ لبنان پر بھی دوبارہ حملے شروع

اسرائیل نے غزہ کے ساتھ ساتھ لبنان پر بھی دوبارہ حملے شروع کر دیے، جس سے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق، اسرائیلی فوج نے لبنان کے مختلف علاقوں پر تقریباً 15 حملے کیے، جن میں اب تک 2 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ لبنان پر حملوں کا سلسلہ ختم نہیں ہوا اور آئندہ گھنٹوں میں مزید حملے کیے جائیں گے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق، آج صبح لبنان سے اسرائیل پر تین راکٹ فائر کیے گئے، جسے اسرائیلی فوج نے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ تاہم، حزب اللہ نے اسرائیلی حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان راکٹ حملوں میں اس کا کوئی ہاتھ نہیں اور وہ لبنان میں جنگ بندی معاہدے کی مکمل پابندی کر رہے ہیں۔ حزب اللہ کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل راکٹ حملے کا بہانہ بنا کر لبنان پر دوبارہ جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے۔

دوسری جانب، غزہ میں اسرائیلی بمباری مزید شدت اختیار کر چکی ہے۔ گزشتہ 48 گھنٹوں میں 130 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جب کہ پانچ روز میں شہدا کی تعداد 630 سے تجاوز کر چکی ہے۔ مسلسل حملوں کے باعث ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد فلسطینی دوبارہ بے گھر ہو چکے ہیں۔

اقوام متحدہ کی انسانی امور ایجنسی نے غزہ کی بدترین انسانی صورتِ حال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امداد کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں