مصنوعی ذہانت کی دوڑ میں انٹیل کی واپسی، اسٹاک کی قیمت میں نمایاں اضافہ

دنیا کی معروف چپ ساز کمپنی انٹیل کے شیئرز میں 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد سرمایہ کاروں کا کمپنی پر اعتماد بحال ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

یہ اضافہ سی ای او لب-بو تان کی جانب سے کیے گئے اخراجات میں کمی اور کاروباری حکمتِ عملی میں تبدیلی کے فیصلوں کے بعد سامنے آیا ہے جنہوں نے کمپنی کے حالیہ مالی نتائج کو مثبت بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انٹیل نے اس سہ ماہی میں منافع کے حوالے سے توقع سے بہتر نتائج پیش کیے ہیں جس نے کمپنی کے حصص کی قدر میں تیزی کا باعث بنا۔

گزشتہ سال 2024 انٹیل کے لیے مشکلات سے بھرا ہوا تھا اور کمپنی نے تقریباً چار دہائیوں بعد اپنا پہلا سالانہ مالی خسارہ ظاہر کیا تھا۔ تاہم 2025 انٹیل کے لیے بحالی کا سال ثابت ہو رہا ہے۔

کمپنی نے سرمایہ کاری کے میدان میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں جن میں این ویڈیا، جاپان کی سوفٹ بینک اور امریکی حکومت کی جانب سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری شامل ہے۔

ان سرمایہ کاریوں نے انٹیل کے لیے ایک مضبوط مالی سہارا فراہم کیا ہے اور اس کے مستقبل بارے اعتماد بڑھایا ہے۔

رپورٹ کے مطابق انٹیل کے چپس کی مانگ تیزی سے بڑھ رہی ہے، خاص طور پر ڈیٹا سینٹرز میں جہاں مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کے لیے طاقتور مرکزی پروسیسنگ یونٹس کی ضرورت ہوتی ہے۔

تاہم کمپنی کے مالیاتی سربراہ ڈیو زنسنر کا کہنا ہے کہ کمپنی کی جدید ترین چپ ٹیکنالوجی کی پیداوار ابھی معیار تک نہیں پہنچی اور اسے مستحکم ہونے میں مزید وقت لگے گا۔

اس کے باوجود کمپنی کی جانب سے کی جانے والی تکنیکی اور مالی حکمتِ عملی کو مارکیٹ میں مثبت انداز سے دیکھا جا رہا ہے

Author

اپنا تبصرہ لکھیں