بالی ووڈ اداکار راج کمار راؤ اور وامیکا گبی کی فلم ’بھول چک معاف‘ کی بھارتی سنیما گھروں میں ریلیز کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
فلم کو 9 مئی 2025 کو بھارت کے سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کیا جانا تھا، لیکن اب فلم کا پریمیئر 16 مئی 2025 کو ایمیزون پرائم ویڈیو پر ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق، یہ فیصلہ پاکستان کے ساتھ تناؤ اور بڑھتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ بھارتی باکس آفس تجزیہ کاروں نے بتایا کہ فلم نے ابتدائی دنوں کے شوز کے لیے تقریباً 3000 ٹکٹس پیشگی فروخت کیے تھے اور 15,000 ٹکٹوں کی فروخت کی توقع تھی، جس کی مالیت تقریباً 3.5 کروڑ روپے تک پہنچنے کی تھی۔
تاہم، بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث، میڈاک فلمز نے فیصلہ کیا ہے کہ فلم کو او ٹی ٹی پر نشر کیا جائے گا۔ فلم کا ٹریلر گزشتہ ماہ جاری کیا گیا تھا، جسے مداحوں کی جانب سے مثبت ردعمل ملا تھا۔