بھارت نے جمعرات کو چین کے شہر چنگ ڈاؤ میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے وزرائے دفاع کے اجلاس کے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اس اعلامیہ پر دستخط کرنے سے گریز کیا کیونکہ اس میں پہلگام واقعے کا ذکر نہیں تھا۔
اعلامیہ میں پہلگام حملے کا ذکر نہیں تھا جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، پہلگام کا ذکر نہ کرنے کے بجائے، دستاویز میں بلوچستان کا ذکر تھا، جس میں بالواسطہ طور پر بھارت پر وہاں بے چینی پیدا کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔
اس سے قبل، راج ناتھ سنگھ نے SCO اجلاس میں اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا تھا کہ گروپ کو ان ممالک پر تنقید کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرنی چاہیے جو دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے آلے کے طور پر سپانسر کرتے ہیں، جو پاکستان کی طرف ایک پوشیدہ اشارہ تھا، جو خود بھی اس بلاک کا رکن ہے۔
واضح رہے کہ اپریل میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 بھارتی سیاحوں کے قتل کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ بڑھ گیا ہے۔
بھارت نے پہلگام حملے کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کو معطل کردیا اور پاکستان پر حملہ کیا تاہم بھارتی اقدامات پر پاکستان نے بھی بھرپور جواب دیا۔