بھارت: پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگانے پر کباڑیے کا گھر مسمار

انڈین ریاست مہاراشٹر کے علاقہ ملوان میں پاکستان انڈیا میچ کے دوران ایک کباڑیے کی جانب سے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگانے پر ایک کباڑکا کام کرنے والے خاندان کا گھر مسمار کر دیا گیا۔
بی بی سی مراٹھی نے ملوان پولیس کے حوالے سے کہا ہے کہ انہیں موصول ہونے والی شکایت میں کباڑ کے کاروبار سے منسلک تاجر، ان کی اہلیہ اور ان کے 15 سالہ بیٹے پر ‘ملک مخالف نعرے’ لگانے کا الزام لگایا گیا ہے۔
اس واقعے کے بعد مقامی افراد نے غصے کا اظہار کیا اور تاجر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ شیو سینا کے رُکنِ ریاستی اسمبلی نلیش رانا نے اس معاملے پر جارحانہ مؤقف اپنایا جس کے بعد ملوان میونسپل کونسل نے بلڈوزر کے ذریعے تاجر کے گھر کو مسمار کر دیا۔پولیس نے اس خاندان کو بھی حراست میں لے لیا، تاہم اب انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔
شیو سینا کے رُکن ریاستی اسمبلی نلیش رانا نے دعویٰ کیا کہ ‘ملک مخالف نعرے’ لگانے والا خاندان ‘غیرقانونی’ طور پر تعمیر کیے گئے گھر میں رہائش پزیر تھا۔ملوان میونسپل کونسل نے بھی تاجر کے گھر کو ‘غیرقانونی’ قرار دیا۔تاہم ماہرین قانون میونسپل کونسل کے اس عمل کو غلط قرار دے رہے ہیں کہ ‘گھر کے غیرقانونی ہونے کا پیشگی نوٹس دیے بغیر ایسی کارروائی کرنا غیرقانونی عمل ہے۔ دوسری بات یہ ہے کہ اگر ایسا تھا تو پہلے کیوں نوٹس نہیں لیا گیا؟’

Author

اپنا تبصرہ لکھیں