نیشنل گیمز: ارشد ندیم نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے جیولن تھرو میں گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا

پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے ایک بار پھر اپنی مہارت کا لوہا منواتے ہوئے نیشنل گیمز کے جیولن تھرو ایونٹ میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ انہوں نے 81.81 میٹر کی شاندار تھرو کے ساتھ مقابلے میں سبقت لی اور میدان مار لیا۔

ایونٹ میں واپڈا کے یاسر سلطان نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 70.77 میٹر تھرو کی، جس کی بدولت وہ سلور میڈل کے حق دار قرار پائے۔ پاکستان آرمی کے ابرار علی نے 67.68 میٹر کی تھرو کے ساتھ برانز میڈل حاصل کیا اور تیسرے نمبر پر رہے۔

گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی بلاول بھٹو زرداری کے سامنے نمائشی تھرو بھی کی تھی، جسے شائقین کی جانب سے خوب سراہا گیا۔

ارشد ندیم کی اس کامیابی کو پاکستان میں جیولن تھرو کے کھیل کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نوجوان ایتھلیٹس کو بھی محرک ملے گا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں