بھارت نے اعلان کیا ہے کہ افغانستان کے ساتھ ایئر کارگو سروسز بہت جلد بحال کر دی جائیں گی۔ یہ اعلان بھارتی وزارتِ خارجہ کے ایک سینئر عہدیدار نے اس وقت کیا جب ط-ا-ل-ب-ان کے وزیرِ تجارت الحاج نورالدین عزیزی بھارت کے پانچ روزہ دورے پر موجود ہیں۔
اعلان کے مطابق کابل سے دہلی اور کابل سے امرتسر کے لیے فضائی مال بردار پروازیں جلد شروع کی جائیں گی۔ بھارتی اہلکار آنند پرکاش نے کہا کہ دونوں روٹس کو فعال کر دیا گیا ہے اور جلد ہی ان پر باقاعدہ کارگو فلائٹس چلنا شروع ہو جائیں گی۔
افغان وزیرِ تجارت نورالدین عزیزی کا یہ دورہ خاص طور پر زرعی تجارت کو بڑھانے اور اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان زرعی برآمدات میں اضافے، بھارت کی جانب سے ادویات، مشینری اور ٹیکسٹائل کی برآمد، اور بہتر تجارتی راستوں کے قیام پر بات چیت ہو رہی ہے۔ اس کے ساتھ ایران کی چاہ بہار پورٹ کے ذریعے متبادل راستے استعمال کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
افغان حکام کے مطابق گفتگو میں اس مسئلے پر بھی بات ہوگی کہ افغانستان کے بینکوں کے (SWIFT) سسٹم سے کٹ جانے کے بعد جو ادائیگیوں کا نظام متاثر ہوا تھا، اسے دوبارہ کیسے بحال کیا جائے۔ اس کے علاوہ بھارت اور افغانستان کے درمیان پہلے سے موجود ایئر فریٹ کوریڈور کو بھی دوبارہ فعال کرنے کا ارادہ ظاہر کیا گیا ہے