اڈیالہ جیل کے حکام نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی آنکھ کی حالت میں نمایاں بہتری آئی ہے اور ان کی بینائی اب تقریباً معمول پر آ چکی ہے۔
عمران خان کی صحت سے متعلق رپورٹ پیر کو سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی، جبکہ عدالت منگل کو عمران خان کی اسلام آباد کے شفاء انٹرنیشنل ہسپتال میں علاج کرانے سے متعلق درخواست کی سماعت شروع کرے گی۔
عمران خان اگست 2023 سے جیل میں قید ہیں۔ رواں سال جنوری کے آخر میں ان کی دائیں آنکھ میں سینٹرل ریٹینل وین اوکلوژن کی تشخیص سامنے آنے کے بعد انہیں علاج کے لیے کئی مرتبہ اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، پمز لے جایا جا چکا ہے۔
اس معاملے پر پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان اختلافات بھی ہیں۔ اپوزیشن نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کو شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ عمران خان کا علاج ذاتی معالجین کی موجودگی میں ہو اور انہیں اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔