پاکستان کے معروف اداکار و میزبان عمران اشرف کی پہلی بھارتی فلم کا ٹریلر جاری

مقبول پاکستانی اداکار و میزبان عمران اشرف کی پہلی غیر ملکی فلم ‘اینا نوں رہنا سہنا نئیں آندا’کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے، جس کے ساتھ ہی فلم کی اگست میں ریلیز کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

یہ ایک کینیڈین-بھارتی پنجابی رومانٹک کامیڈی فلم ہے، جس میں عمران اشرف مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

اس فلم کے ذریعے عمران اشرف پہلی مرتبہ کسی بین الاقوامی پروجیکٹ میں جلوہ گر ہوں گے، حالانکہ وہ اس سے قبل کئی پاکستانی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔

فلم کی ہدایت کاری روپن بال نے کی ہے جبکہ معروف بھارتی پنجابی گلوکار و اداکار جیسی گل بھی فلم کا حصہ ہیں۔

فلم کی کاسٹ میں رنجیت باوا، مینڈے ٹکھڑ، سپنا پبی، نمال رشی، ناصر چنیوٹی اور نوپریت بانگا سمیت کئی بھارتی اور پاکستانی اداکار شامل ہیں، جو فلم کو ایک بین الاقوامی رنگ دیتے ہیں۔ اگرچہ فلم کے ٹریلر سے کہانی کی پوری تفصیل واضح نہیں ہو پاتی، تاہم اندازہ ہوتا ہے کہ فلم نوجوانوں اور خاص طور پر طلبہ کی زندگیوں، مزاحیہ صورتحال اور رومانس کے گرد گھومتی ہے۔

فلم کے ٹریلر کو سوشل میڈیا پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم کی ٹیم زیادہ تر کینیڈین نژاد بھارتی افراد پر مشتمل ہے، اور اس میں پاکستانی فنکاروں کی موجودگی کے باوجود فوری طور پر کسی بھارتی حلقوں کی جانب سے کوئی اعتراض سامنے نہیں آیا۔

توقع ہے کہ فلم بھارت کے بجائے دنیا کے دیگر ممالک میں ریلیز کی جائے گی، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسے پاکستان میں بھی ریلیز کیا جا سکتا ہے۔ عمران اشرف کے مداح ان کی اس بین الاقوامی پیش رفت پر پرجوش ہیں، اور فلم کی ریلیز کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں