آئی سی سی رینکنگ میں بڑی تبدیلی، مارکو جینسن اور ابھیشیک شرما نمبر ون بن گئے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین پلیئر رینکنگ میں جنوبی افریقا اور بھارت کے کھلاڑیوں نے نمایاں کامیابیاں حاصل کرلی ہیں۔ جنوبی افریقا کے مارکو جینسن ٹیسٹ بولرز اور آل راؤنڈرز کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگئے، جبکہ بھارت کے ابھیشیک شرما نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے بہترین بلے باز کی پوزیشن دوبارہ حاصل کرلی۔
مارکو جینسن نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 85 رنز بنائے اور بولنگ میں پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی اس کارکردگی نے جنوبی افریقا کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
رینکنگ میں جینسن پانچ درجے ترقی کرکے ٹیسٹ بولرز میں پہلے نمبر پر پہنچ گئے اور آسٹریلیا کے مچل اسٹارک کو پیچھے چھوڑ دیا۔ وہ ٹیسٹ آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی سرفہرست آگئے، جہاں انہوں نے بھارت کے رویندرا جدیجا کی چار سال سے زائد عرصے پر مشتمل حکمرانی ختم کردی۔

دوسری جانب بھارتی بلے باز ابھیشیک شرما نے نیوزی لینڈ کے خلاف صرف 35 گیندوں پر سنچری مکمل کی اور 38 گیندوں پر 113 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔ اس شاندار اننگز کے بعد وہ ایشان کشن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے بلے بازوں کی رینکنگ میں دوبارہ پہلی پوزیشن پر آگئے۔
جنوبی افریقا کے کپتان ٹیمبا باووما نے بھی ٹیسٹ بلے بازوں کی رینکنگ میں بہتری حاصل کی اور چار درجے ترقی کرکے دوسرے نمبر پر پہنچ گئے۔

پاکستانی کھلاڑیوں کی رینکنگ میں اتار چڑھاؤ
ون ڈے انٹرنیشنل کی رینکنگ میں پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی دو درجے ترقی کرکے چھٹے نمبر پر آگئے۔ تاہم ابرار احمد ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے، جبکہ حارث رؤف نو درجے نیچے آکر 29ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔ ون ڈے بلے بازوں کی فہرست میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں کی تنزلی ہوئی۔ بابر اعظم نویں، سلمان آغا 13ویں، فخر زمان 46ویں اور صائم ایوب 65ویں نمبر پر آگئے. آئی سی سی کی تازہ رینکنگ میں یہ تبدیلیاں مختلف فارمیٹس میں کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی اور ان کے رینکنگ پوائنٹس کی عکاسی کرتی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں