پاکستان کرکٹ بورڈ نے انڈر 19 ایشیا کپ 2026 کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ دفاعی چیمپئن پاکستان کی قیادت فرحان یوسف کریں گے۔ ٹورنامنٹ 5 سے 14 نومبر تک عمان میں کھیلا جائے گا، جبکہ قومی ٹیم 29 اکتوبر کو کراچی سے عمان روانہ ہوگی۔
پاکستان کو آٹھ ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں گروپ اے میں بھارت، نیپال اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ قومی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 6 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف کرے گی، جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم مقابلہ 8 نومبر کو ہوگا۔ پاکستان اپنا تیسرا گروپ میچ 10 نومبر کو نیپال کے خلاف کھیلے گا۔
پاکستان نے گزشتہ انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اس مرتبہ بھی قومی ٹیم دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے میدان میں اترے گی۔ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز 12 نومبر جبکہ فائنل 14 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ میں فرحان یوسف (کپتان)، عبدالقادر (وکٹ کیپر)، عبدالصبحان، احمد حسین، علی رضا، حمزہ ظہور (وکٹ کیپر)، حسنین عباس ڈار، حیام خان، حذیفہ احسن، جہانگیر بلال، محمد حذیفہ، محمد صیام، نقاب شفیق، رضوان اللہ اور عثمان خان شامل ہیں۔
اسکواڈ میں علی رضا اور حذیفہ احسن کے علاوہ تمام کھلاڑی ستمبر میں انگلینڈ کے خلاف چار میچوں کی یوتھ ون ڈے سیریز جیتنے والی پاکستانی ٹیم کا حصہ تھے۔ اس سیریز میں پاکستان نے انگلینڈ کو 1-3 سے شکست دی تھی۔
ٹیم کے ہیڈ کوچ اور منیجر شاہد انور ہوں گے، جبکہ راؤ افتخار انجم فاسٹ بولنگ کوچ، زوہیب خان اسپن بولنگ کوچ اور ہمایوں فرحت فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ گروپ بی میں افغانستان، بنگلہ دیش، سری لنکا اور ملائیشیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔