انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ون ڈے پلیئرز رینکنگ جاری کر دی، جس میں بیٹرز اور بولرز کی پوزیشنز میں نمایاں تبدیلیاں ہوئی ہیں۔
بھارت کے نوجوان بیٹر، شبھمن گل کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، جبکہ پاکستان کے بابر اعظم بھی اپنی دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ بھارت کے روہت شرما دو درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے، راچن رویندرا نے شاندار کارکردگی کی بدولت 14 درجے ترقی کے بعد 14 ویں نمبر پر جگہ بنائی، جبکہ ان کے ہم وطن، گلین فلپس 6 درجے ترقی کر کے 24 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔ جنوبی افریقہ کے، ڈیوڈ ملر نے بھی 5 درجے ترقی حاصل کر کے 26 ویں پوزیشن حاصل کر لی۔
ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں سری لنکا کے، مہیش تھیکشنا اپنی پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں۔ نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر نے 6 درجے ترقی حاصل کر کے دوسری پوزیشن حاصل کر لی، جبکہ بھارت کے کلدیپ یادیو 3 درجے بہتری کے ساتھ تیسرے نمبر پر آ گئے۔ بھارت کے رویندرا جڈیجا نے بھی 3 درجے ترقی حاصل کر کے ٹاپ 10 میں جگہ بنائی اور اب وہ 10 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے مائیکل بریسویل نے بھی شاندار کارکردگی کے ذریعے 10 درجے ترقی کے ساتھ 16 ویں نمبر پر جگہ بنا لی۔