مدافعتی نظام مضبوط بنانے کے مؤثر اور سادہ طریقے

صحت مند زندگی گزارنے کے لیے مضبوط مدافعتی نظام بے حد ضروری ہے۔ ماہرین کے مطابق سپلیمنٹس لینے سے زیادہ اہم یہ ہے کہ ہم اپنی روزمرہ زندگی میں چند صحت مند عادات کو اپنائیں۔

مدافعتی نظام ہمارے جسم کو بیماریوں اور انفیکشنز سے بچانے کا قدرتی نظام ہے، جو ایک نازک توازن کے تحت کام کرتا ہے۔ یہ اتنا مضبوط ہونا چاہیے کہ بیماریوں کا مقابلہ کر سکے، لیکن اتنا زیادہ بھی نہیں کہ بلا وجہ ردعمل ظاہر کرے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جسم کے اندر کئی ریگولیٹری میکانزم ہوتے ہیں جو اس توازن کو برقرار رکھتے ہیں۔
عام نزلہ زکام سے لے کر سنگین امراض جیسے کورونا وائرس تک، ایک صحت مند مدافعتی نظام ہمیں بیماریوں کے خلاف بہتر تحفظ فراہم کرتا ہے۔

تحقیقات کے مطابق، قوتِ مدافعت کو مضبوط رکھنے کے لیے چند آسان اور مؤثر اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔

سب سے پہلے، ڈاکٹر کی تجویز کردہ ویکسینز ضرور لگوائیں، کیونکہ ویکسین جسم کو مخصوص جراثیم پہچاننے اور ان کے خلاف ردعمل پیدا کرنے میں مدد دیتی ہے۔

متوازن غذا کا استعمال بھی بہت اہم ہے۔ پھل، سبزیاں، اناج، مچھلی اور پروٹین سے بھرپور خوراک مدافعتی نظام کو قدرتی طور پر مضبوط بناتی ہے۔

اسی طرح ورزش بھی جسم کے خلیوں کو متحرک کرتی ہے اور انفیکشن کے خلاف لڑنے کی صلاحیت میں اضافہ کرتی ہے۔ روزانہ ہلکی پھلکی جسمانی سرگرمی جیسے واک یا سائیکلنگ لازمی کریں۔

پانی بھی مدافعتی نظام کے لیے بنیاد کی حیثیت رکھتا ہے۔ مناسب مقدار میں پانی پینا خون کی گردش کو بہتر بناتا ہے اور جسم سے زہریلے مادے خارج کرتا ہے۔

اس کے علاوہ پوری نیند لینا بھی ضروری ہے، کیونکہ نیند کے دوران جسم اپنے خلیوں کی مرمت کرتا ہے اور قوتِ مدافعت کو بحال کرتا ہے۔

ماہرین کے مطابق تناؤ (اسٹریس) بھی مدافعتی نظام کو کمزور کر سکتا ہے۔ یہ نیند کے معیار، کھانے پینے کی عادات اور جسمانی سرگرمیوں کو متاثر کرتا ہے۔

اس لیے کوشش کریں کہ ذہنی دباؤ کو کم کرنے کے لیے گہری سانس لینے کی مشقیں، ورزش یا روحانی سرگرمیاں اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔

آخر میں، یاد رکھیں کہ ایک مضبوط مدافعتی نظام کے لیے متوازن غذا، باقاعدہ ورزش، اچھی نیند اور مثبت طرزِ زندگی سب سے بہترین نسخہ ہیں.

Author

اپنا تبصرہ لکھیں