ہالی وڈ کے معروف اداکار پین بیجلی، جو اپنی مشہور امریکی ٹی وی سیریز ’گوسیپ گرل‘ اور نیٹ فلکس کی سیریز ’یو‘ میں مرکزی کردار ادا کر چکے ہیں، نے حالیہ انٹرویو میں ایک چونکا دینے والا مگر روحانی انکشاف کیا ہے۔ 38 سالہ اداکار نے بتایا کہ ان کے بیڈ کے نائٹ اسٹینڈ پر قرآن مجید موجود ہوتا ہے اور وہ اکثر اس کی آیات پڑھتے اور ان پر غور کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات امریکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کی، جہاں وہ اپنی زندگی میں روحانیت اور مختلف مذاہب کے مطالعے سے جڑے تجربات شیئر کر رہے تھے۔
پین بیجلی کا کہنا تھا کہ ان کے پاس کئی کلاسیکی تحریروں پر مبنی کتابیں ہیں، جن میں قرآن پاک سرفہرست ہے۔ ان کے بقول، قرآن کی آیات میں جو گہرائی اور معنویت ہے، وہ دل کو چھو جاتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ صرف قرآن ہی نہیں بلکہ بہائی مذہب کی مشہور "طویل فرض نماز” (Long Obligatory Prayer) بھی روزانہ پڑھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس دعا کو یاد کر چکے ہیں اور اب اسے 9 منٹ میں مکمل کر لیتے ہیں، حالانکہ اصل میں یہ تقریباً 15 منٹ پر مشتمل ہوتی ہے۔
پین بیجلی نے 2017 میں امریکی گلوکارہ اور اداکارہ ڈومینو کرکے سے شادی کی تھی، اور ان کے ہاں ایک بیٹا بھی ہے جس کی عمر 4 سال ہے۔ ان کا یہ روحانی رجحان اور مختلف مذاہب کی تعلیمات میں دلچسپی نہ صرف ان کے کردار میں گہرائی لاتی ہے بلکہ مداحوں کو بھی حیران اور متاثر کرتی ہے۔