ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے زیر اہتمام لاہور میں منعقد ہونے والے “ہیلتھ، انجینئرنگ اور منرلز شو” نے فیشن اور تجارت کے سنگم پر مبنی ایک منفرد اور متاثرکن ماحول فراہم کیا، جہاں ماڈلز نے مقامی جیولرز اور ڈیزائنرز کے تیار کردہ دیدہ زیب ملبوسات اور زیورات کی شاندار کیٹ واک کے ذریعے عوام کی توجہ حاصل کی۔
افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی پنجاب کے وزیر برائے صنعت، تجارت و سرمایہ کاری چودھری شافع حسین تھے، جنہوں نے نمائش کے انعقاد کو مقامی صنعت اور برآمدات کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔
فیشن شو میں ملک کے معروف جیولری برانڈز اور ٹاپ فیشن ڈیزائنرز نے شرکت کی، جن میں عالمی شہرت یافتہ ڈیزائنر ایچ ایس وائے (HSY) بھی شامل تھے۔ ماڈلز نے مختلف ڈیزائنرز کے جدید اور روایتی امتزاج سے مزین ملبوسات زیب تن کیے، جن کے ساتھ فائن جیولری کے دلکش نمونے ریمپ پر پیش کیے گئے۔ حاضرین نے فنکارانہ مہارت اور تخلیقی انداز کو سراہا۔
نمائش میں بی ٹو بی (B2B) روابط کو فروغ دینے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی، جس سے مقامی ڈیزائنرز اور کاریگروں کو عالمی منڈیوں سے جُڑنے اور برآمدی مواقع حاصل کرنے کا موقع فراہم ہوا۔ منتظمین کے مطابق اس پلیٹ فارم نے کئی بین الاقوامی خریداروں کے ساتھ ممکنہ تجارتی شراکت داری کی راہیں ہموار کیں۔
ہیلتھ، انجینئرنگ اور منرلز شو میں دنیا بھر کے 70 سے زائد ممالک کے 900 سے زیادہ غیر ملکی خریدار اور درآمد کنندگان شریک ہوئے، جنہوں نے تقریباً 200 پاکستانی نمائش کنندگان سے براہ راست ملاقاتیں کیں۔
نمائش میں 20 سے زائد صنعتی شعبوں کی مصنوعات پیش کی گئیں، جن میں دواسازی، سرجیکل آلات، زرعی مشینری، تعمیراتی سازوسامان، آٹو پارٹس، کھیلوں کا سامان، موبائل ڈیوائسز، کیمیکل، برقی آلات، کاسمیٹکس، کٹلری، ہنڈی کرافٹس، قیمتی پتھر اور زیورات شامل ہیں۔
شرکاء میں چین، ترکیہ، نائجیریا، سری لنکا، قازقستان، سینیگال، ملائیشیا، روس، فلپائن، انڈونیشیا، نیدرلینڈز، کوریا، تاجکستان، برطانیہ، اسپین، کینیا، ایتھوپیا، روانڈا اور ویتنام سمیت کئی اہم ممالک کے نمائندے شامل تھے۔