وائٹ بال کرکٹ: انگلینڈ ٹیم کی قیادت نوجوان بلے باز کو سونپ دی گئی

انگلینڈ کرکٹ ٹیم میں قیادت کی تبدیلی کا بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے، اور اب نوجوان بیٹر ہیری بروک کو وائٹ بال ٹیم کی کمان سونپ دی گئی ہے۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ، بروک اب سے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹس میں انگلش ٹیم کی قیادت کریں گے۔
یہ اہم تبدیلی اس وقت کی گئی جب سابق کپتان، جوز بٹلر نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ناقص کارکردگی کے بعد قیادت سے کنارہ کشی اختیار کر لی۔ انگلینڈ کو حالیہ ایونٹ میں مایوس کن شکستوں کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد بورڈ نے ٹیم میں نئی جان ڈالنے کے لیے قیادت نوجوان کندھوں پر ڈالنے کا فیصلہ کیا۔
ہیری بروک نے کپتان نامزد ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ، یہ میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے کہ، میں انگلینڈ کی وائٹ بال ٹیم کی قیادت کروں۔ بچپن میں جب کرکٹ شروع کی تھی تو میرا خواب صرف انگلینڈ کے لیے کھیلنا ہی نہیں، بلکہ کبھی نہ کبھی ٹیم کی قیادت کرنا بھی تھا۔ آج وہ خواب حقیقت بن گیا ہے، جس پر مجھے بے حد فخر ہے۔
محض 26 برس کی عمر میں کپتانی کا اعزاز حاصل کرنے والے ہیری بروک اب اس نوجوان نسل کی نمائندگی کر رہے ہیں جو جارحانہ کرکٹ، نڈر فیصلے اور مثبت توانائی کے لیے جانی جاتی ہے۔
بطور کپتان بروک کا پہلا امتحان مئی کے اختتام پر ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوگا، جہاں وہ تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز کی سیریز میں اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں