حج 2025: حج آپریشن کا آغاز، پاکستان سے عازمین حج کو لے کر پروازیں روانہ

پاکستان سے رواں سال کے حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، اور قومی ایئر لائن پی آئی اے کی پہلی حج پرواز 442 عازمین کو لے کر اسلام آباد سے مدینہ منورہ روانہ ہو گئی۔
یہ پرواز پی کے 713 صبح 4 بج کر 45 منٹ پر روانہ ہوئی، جسے وفاقی وزیر مذہبی امور، سردار محمد یوسف، سعودی سفیر، نواف المالکی اور پی آئی اے کے سی ای او ایئر وائس مارشل، عامر حیات نے الوداع کہا۔
حج آپریشن کے تحت کوئٹہ سے پہلی پرواز پی کے 7201 صبح 10 بجے 170 عازمین کو لے کر روانہ ہوئی، جب کہ لاہور سے پہلی حج پرواز پی کے 747 رات 10 بجے 323 مسافروں کو مدینہ لے جائے گی۔
پی آئی اے رواں سال سرکاری اسکیم کے تحت 35 ہزار 200 سے زائد عازمین حج کو 117 خصوصی پروازوں کے ذریعے مقدس سرزمین پہنچائے گی۔ آپریشن دو مراحل میں مکمل ہوگا، پہلے مرحلے میں تمام پروازیں مدینہ منورہ جائیں گی اور بعد میں جدہ روانگی کا سلسلہ شروع ہوگا۔
قبل از حج آپریشن 31 مئی تک جاری رہے گا، جب کہ واپسی کا عمل 10 جون سے 10 جولائی تک مکمل کیا جائے گا۔
اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹس پر سعودی حکومت کے اشتراک سے ’روڈ ٹو مکہ‘ منصوبے کے تحت عازمین حج کی امیگریشن کی سہولت پاکستان میں ہی فراہم کی جا رہی ہے، جس سے سعودی عرب پہنچنے پر وقت کی بچت ممکن ہو سکے گی۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ، اس سال تقریبا90 ہزار پاکستانی سرکاری اسکیم کے تحت حج ادا کریں گے۔ مختصر دورانیے کے حج کی لاگت 11 لاکھ 50 ہزار روپے، جبکہ طویل مدتی حج کی لاگت 10 لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں