بھارت کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کے علاقے دوارندی میں حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس توری کے سات سالہ بیٹے، ارتضیٰ عباس توری کی نمازِ جنازہ آج اسلام آباد میں انتہائی رقت آمیز ماحول میں ادا کی گئی۔
نماز جنازہ میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر (نشانِ امتیاز ملٹری)، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، اعلیٰ فوجی افسران، سرکاری و سول حکام، فوجی جوانوں اور شہید کے اہل خانہ سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے اس موقع پر بھارتی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں، بچوں، خواتین اور بزرگوں کو نشانہ بنانا بزدلی کی انتہا ہے۔
صدر اور وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیوں پر فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے دعا کی: “اللہ تعالیٰ بھارت کی اس جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے معصوم افراد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین”۔