پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف ہدایتکار نبیل قریشی سے مداحوں نے بھارت کے خلاف پاک فوج کے کامیاب آپریشن ‘بنیان مرصوص’ پر فلم بنانے کی اپیل کی ہے۔ سوشل میڈیا پر اس وقت اس آپریشن کے تذکرے اور اس پر فلم بنانے کے مطالبات زور پکڑ رہے ہیں۔
حالیہ دنوں سوشل میڈیا صارفین نے نبیل قریشی سے اس موضوع پر فلم بنانے اور ائیر وائس مارشل اورنگزیب احمد کے کردار کو مرکزی حیثیت دینے کی درخواست کی ہے۔ ایک صارف نے ایکس پر نبیل قریشی سے مطالبہ کرتے ہوئے تجویز دی کہ اس کردار کے لیے پاکستانی اداکار فواد خان کو کاسٹ کیا جائے، کیونکہ ان کی اور ائیر وائس مارشل اورنگزیب احمد کی ظاہری مشابہت کافی حد تک مماثل ہے۔
نبیل قریشی نے اس تجویز پر مثبت ردعمل دیتے ہوئے اسے اپنے لیے اعزاز قرار دیا اور فلم بنانے کے ارادے کا اظہار بھی کیا۔ تاہم، بعد میں ایک اور صارف نے تجویز دی کہ چونکہ فواد خان بھارتی فلم انڈسٹری کا حصہ رہ چکے ہیں، اس لیے انہیں اس کردار کے لیے منتخب کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ اس کے بجائے پاکستان انڈسٹری سے زیادہ مخلص اور ملکی وقار کو ترجیح دینے والے اداکاروں کو موقع دیا جائے۔
اس بحث کے دوران مختلف سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے اداکاروں کی تصاویر شیئر کی جا رہی ہیں، جس میں ہمایوں سعید، وہاج، فہد مصطفیٰ، اور حمزہ علی عباسی جیسے نام شامل ہیں۔ مداح ان ناموں پر اپنی رائے دے رہے ہیں کہ کون اس کردار کے لیے بہترین انتخاب ہو سکتا ہے۔