فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پاکستان آرڈیننس فیکٹریز کا دورہ

چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واہ میں پاکستان آرڈیننس فیکٹریز (POF) کا دورہ کیا، جہاں انہیں ادارے کی موجودہ پیداواری صلاحیت، دفاعی سازوسامان کی مقامی تیاری، جدید کاری اور برآمدی امکانات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پاکستان آرڈیننس فیکٹریز کی جانب سے ملکی دفاعی ضروریات پوری کرنے کے لیے تیار کیے جانے والے مختلف ہتھیاروں، گولہ بارود اور دیگر فوجی سازوسامان کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں مقامی سطح پر دفاعی مصنوعات کی تیاری اور درآمدات پر انحصار کم کرنے کے لیے جاری اقدامات بھی شامل تھے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان میں ڈیزائن اور تیار کیے گئے اسلحہ اور گولہ بارود کے ٹیسٹ اور ٹرائلز کا بھی مشاہدہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان سرگرمیوں کا مقصد دفاعی پیداوار میں جدت، خودانحصاری اور مقامی تکنیکی صلاحیت کو مزید بہتر بنانا ہے۔

دورے کے دوران انہیں دو نئے صنعتی پلانٹس کی تنصیب اور اپ گریڈیشن کے عمل سے بھی آگاہ کیا گیا۔ حکام کے مطابق ان پلانٹس کے رواں سال کے اختتام تک پیداوار شروع کرنے کا امکان ہے، جس سے پاکستان آرڈیننس فیکٹریز کی پیداواری صلاحیت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ادارے کی کارپوریٹائزیشن کے عمل میں ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان کے دفاعی شعبے میں مقامی پیداوار، تکنیکی جدت اور خودانحصاری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں