فیروز خان کی والدہ کے سجل علی کے حوالے سے بیان پر سوشل میڈیا میں ہلچل

پاکستانی اداکار فیروز خان کی والدہ صوفیہ ملک کا ایک حالیہ انٹرویو وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے اپنے بیٹے اور اداکارہ سجل علی کے درمیان تعلقات سے متعلق بات کی۔

انٹرویو کے دوران میزبان نے سوال کیا کہ کیا وہ سجل علی کو اپنے بیٹے کے لیے ایک بہترین شریکِ حیات سمجھتی تھیں یا انہیں خوشی ہے کہ یہ رشتہ نہیں ہو سکا؟ صوفیہ ملک نے مختصر جواب دیتے ہوئے کہا، “سجل بھی بہت اچھی تھی، وہ مجھے بہت پسند تھی، لیکن یہ نصیب کی بات ہے، جو نصیب میں ہوتا ہے، وہی انسان کو ملتا ہے۔”

فیروز خان کے غصے اور الزامات پر گفتگو
صوفیہ ملک نے اس انٹرویو میں فیروز خان کے غصے کو تسلیم کیا لیکن ان پر سابقہ اہلیہ علیزے سلطان پر تشدد کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے بیٹے کے خلاف “عورت کارڈ” استعمال کیا گیا۔

سوشل میڈیا پر ردعمل
انٹرویو کا کلپ وائرل ہونے کے بعد سجل علی کے مداحوں نے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔

ایک صارف نے میزبان کے سوال کو “بے شرمی کی حد” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے ذاتی سوالات کرنا غیر مناسب ہے۔
دوسرے صارفین نے نہ صرف میزبان بلکہ صوفیہ ملک کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ انہیں اس سوال کا جواب دینے سے گریز کرنا چاہیے تھا۔
فیروز اور سجل کی ماضی کی کہانی
واضح رہے کہ فیروز خان اور سجل علی کے درمیان ماضی میں قریبی تعلقات کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں، تاہم بعد میں دونوں نے اپنی اپنی راہیں جدا کر لیں۔ فیروز نے علیزے سلطان سے شادی کی جو ناکام رہی، اور حال ہی میں انہوں نے ڈاکٹر زینب سے دوسری شادی کی ہے۔ دوسری طرف، سجل علی کی شادی احد رضا میر سے ہوئی تھی، جو کچھ عرصے بعد اختتام پذیر ہو گئی۔

مداحوں کا مشورہ
سوشل میڈیا پر مداحوں نے مشورہ دیا کہ ایسی نجی باتوں کو عوامی پلیٹ فارمز پر زیرِ بحث لانے سے گریز کیا جانا چاہیے، کیونکہ یہ نہ صرف متعلقہ افراد کے لیے تکلیف دہ ہو سکتا ہے بلکہ غیر ضروری تنازع کو بھی جنم دیتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں