مشہور کورین گلوکار اور نغمہ نگار چو وہیسنگ 43 سال کی عمر میں اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ پائے گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، ان کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی، تاہم حتمی وجہ کا تعین تاحال نہیں کیا جا سکا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، چو وہیسنگ گزشتہ شام جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں واقع اپنے اپارٹمنٹ میں بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے۔ دی کوریا ٹائمز کے مطابق، ان کے منیجر نے ان سے ملاقات طے کر رکھی تھی، لیکن وہیسنگ میٹنگ میں شریک نہ ہو سکے۔ بعد ازاں، ان کی والدہ جب انہیں دیکھنے آئیں تو انہیں بے ہوش پایا، جس کے بعد فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔
تاحال وہیسنگ کی موت کی وجوہات واضح نہیں ہو سکیں، تاہم رپورٹس میں خودکشی یا منشیات کے زیادہ استعمال کو ممکنہ اسباب قرار دیا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں کسی غیر فطری سرگرمی یا سازش کے شواہد نہیں ملے، جس سے امکان ہے کہ یہ ایک طبعی موت تھی۔
چو وہیسنگ نے 2002 میں ’ہٹ آر اینڈ بی‘ البم Like a Movieسے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، جو بے حد مقبول ہوا اور انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ اگلے کئی سالوں میں وہ کورین میوزک انڈسٹری میں ایک نمایاں مقام حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ تاہم، 2021 میں غیر قانونی طور پر بے ہوشی کی دوا رکھنے کے جرم میں ایک سال قید کی سزا کے بعد ان کے کیریئر کو زوال کا سامنا کرنا پڑا۔
چو وہیسنگ کی اچانک موت نے کورین میوزک انڈسٹری کو صدمے میں مبتلا کر دیا ہے، اور ان کے مداح سوشل میڈیا پر ان کے لیے تعزیتی پیغامات پوسٹ کر رہے ہیں۔ ان کی یادگار موسیقی اور ان کی منفرد گائیکی کا انداز انہیں ہمیشہ کے لیے امر کر دے گا۔