بالی ووڈ اداکار عمران ہاشمی ایک بار پھر شیوَم پنڈت کے کردار میں واپس آ گئے ہیں۔ فلم ’آوارہ پن 2‘ کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے، جس میں بدلے، درد اور بھرپور ایکشن کی جھلک دکھائی گئی ہے۔
ٹریلر کا آغاز ایک خون آلود اور زخمی شیوَم پنڈت سے ہوتا ہے، جو ایک بار پھر اپنے ماضی اور انتقام کی آگ میں گھرا نظر آتا ہے۔
فلم میں عمران ہاشمی کا کردار ایک ایسے شخص کے طور پر دکھایا گیا ہے جو اپنے کھوئے ہوئے پیار کی یادوں اور پرانے زخموں کے ساتھ زندگی گزار رہا ہے۔
ایکشن سے بھرپور ٹریلر میں شیوَم کو بارش میں لڑتے، خطرناک حالات کا سامنا کرتے، جیل میں جھڑپوں اور فائرنگ کے مناظر میں دکھایا گیا ہے۔
’آوارہ پن 2‘ سال 2007 میں ریلیز ہونے والی مقبول فلم ’آوارہ پن‘ کا تسلسل ہے، جسے ناظرین نے جذباتی کہانی اور عمران ہاشمی کے کردار کی وجہ سے پسند کیا تھا۔ فلم میں عمران ہاشمی کے ساتھ دیشا پٹانی، سوویندر وکی اور پورن گابی بھی شامل ہیں، تاہم ان کے کرداروں کو ابھی زیادہ واضح نہیں کیا گیا۔
فلم کی ہدایت کاری نتن ککڑ نے کی ہے، جبکہ اسے وشیش بھٹ نے پروڈیوس کیا اور بلال صدیقی اس کے رائٹر ہیں۔
’آوارہ پن 2‘ 14 اگست 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی، جہاں اس کا مقابلہ سنی دیول کی فلم ’بٹوارا 1947‘ سے ہوگا۔