پاکستانی سینما میں طویل عرصے بعد دو بڑی فلمیں ، میگا بجٹ رومانٹک کامیڈی ’لو گُرو‘ اور ہارر کامیڈی ’دیمک‘ بیک وقت ریلیز کردی گئی ہیں، جو نہ صرف ملک بھر بلکہ دنیا کے مختلف ممالک میں بھی نمائش کے لیے پیش کی گئی ہیں۔
’لو گُرو‘ کے ذریعے ہمایوں سعید اور ماہرہ خان نے تین سال بعد بڑے پردے پر واپسی کی ہے، جبکہ ’دیمک‘ نے فیصل قریشی اور ثمینہ پیرزادہ جیسے سینئر فنکاروں کو بھی طویل وقفے کے بعد سینما اسکرین پر واپس لایا ہے۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ ’لو گُرو‘ گزشتہ تین برسوں میں ریلیز ہونے والی پہلی میگا بجٹ اور میگا کاسٹ فلم ہے۔ اس سے قبل اس معیار کی آخری فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ تھی، جس نے کامیابی کے کئی ریکارڈ قائم کیے تھے۔ ان تین برسوں میں پاکستانی فلم انڈسٹری میں عموماکم بجٹ کی اور محدود کاسٹ والی فلمیں ہی سامنے آئیں، لیکن اب ایک ساتھ دو بڑی فلموں کا سینما گھروں میں آنا شائقین کے لیے خوش آئند ہے۔
’دیمک‘ کی ہدایتکاری رافع راشدی نے کی ہے اور اس میں فیصل قریشی، ثمینہ پیرزادہ، جاوید شیخ اور سونیا حسین جیسے سینئر اور معروف فنکار شامل ہیں، جب کہ ’لو گُرو‘ کی ہدایت ندیم بیگ نے دی ہے، جس کی کہانی واسع چوہدری نے تحریر کی ہے۔ اس فلم میں بھی جاوید شیخ، احمد علی بٹ اور دیگر اہم نام شامل ہیں۔
دونوں فلموں کا باکس آفس پر سخت مقابلہ متوقع ہے، تاہم ناقدین اور فلم بینوں کے اندازوں کے مطابق ’لو گُرو‘ ممکنہ طور پر ’دیمک‘ پر سبقت حاصل کرے گی اور ہمایوں سعید و ماہرہ خان کی جوڑی اس فلم کے ذریعے کمائی کے نئے ریکارڈ قائم کرے گی۔
ان دونوں فلموں کے پریمیئرز اسی ہفتے کراچی میں منعقد ہوئے۔ پہلے ’دیمک‘ کا پریمیئر ہوا، جبکہ 5 جون کی شب ’لو گُرو‘ کا شاندار پریمیئر ہوا جس میں شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات نے شرکت کی۔
فلم ’لو گُرو‘ کی پروموشن کے دوران ہمایوں سعید نے انکشاف کیا تھا کہ یہ ان کے کیریئر کی مہنگی ترین فلم ہے جس پر 25 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ یہ فلم 100 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرے گی۔ اس دوران ماہرہ خان نے ایک تقریب میں سب سے اجتماعی دعا بھی کرائی تھی کہ فلم 100 کروڑ کمائے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خاصی وائرل ہوئی۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ شائقین کا ردعمل دونوں فلموں کے لیے کیسا رہتا ہے اور کون سی فلم باکس آفس پر بازی لے جاتی ہے۔