اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں چ کے شدید جھٹکے

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی، جب کہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 94 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کے سرحدی علاقے میں واقع تھا۔

خیبر پختونخوا کے شہروں پشاور، نوشہرہ، لوئر دیر، مالاکنڈ، مردان، سوات، باجوڑ، دیر بالا، شبقدر، مہمند اور چترال میں زلزلے کے شدید جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔

پنجاب میں راولپنڈی، لاہور، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، گجرات اور فیصل آباد سمیت کئی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اس کے علاوہ گلگت، پاراچنار اور ان سے ملحقہ علاقوں میں بھی زمین لرز اٹھی۔

زلزلے کے بعد شہری خوفزدہ ہو کر گھروں، دفاتر اور عمارتوں سے باہر نکل آئے، جبکہ بعض مقامات پر لوگوں نے کلمہ طیبہ کا ورد شروع کر دیا۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق زلزلے کے بعد صوبے بھر کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ عمارتوں کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے اور ریسکیو مشینری اور عملہ الرٹ کر دیا گیا ہے۔

تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم حکام نے ممکنہ آفٹر شاکس کے پیش نظر شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں