نائب وزیراعظم پاکستان سے یو اے ای کے نائب وزیراعظم کی ملاقات،مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

پاکستان کےنائب وزیراعظم ووزیر خارجہ، اسحٰق ڈار اور متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم، شیخ عبداللہ بن زید النہیان کے درمیان اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی، جس کے دوران دونوں ممالک نے ثقافت کے شعبے میں تعاون اور قونصلر امور سے متعلق مشترکہ کمیٹی کے قیام کے لیے دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔
دونوں رہنماؤں نے یو اے ای کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پاکستان کے فیڈریشن آف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان یو اے ای-پاکستان مشترکہ بزنس کونسل کے قیام سے متعلق دستخط شدہ مفاہمتی یادداشت کا مشاہدہ بھی کیا۔ یہ کونسل مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعاون کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

ملاقات کے دوران شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے پاکستان کے ساتھ سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ، پاکستان اور یو اے ای کے عوام دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید مضبوطی دیکھنا چاہتے ہیں، اور حالیہ برسوں میں تعلقات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں یو اے ای کے رہنما نے امید ظاہر کی کہ، تجارت، سرمایہ کاری اور ہوا بازی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون تیزی سے فروغ پائے گا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ، پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو مختلف شعبوں میں وسعت دے کر عوامی سطح پر فائدہ پہنچایا جا سکتا ہے۔

نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے معزز مہمان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ، پاکستان اور یو اے ای کے درمیان صدیوں پر محیط برادرانہ تعلقات ہیں، جو باہمی اعتماد اور محبت پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک کی قیادت کا عزم ہے کہ، اس رشتے کو مزید مستحکم کیا جائے۔
اسحٰق ڈار نے اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ، یہ دورہ مزید طویل ہوتا، لیکن انہیں معلوم ہے کہ، شیخ عبداللہ بن زید النہیان کے دیگر عالمی وعدے بھی ہیں، جن کی ادائیگی ضروری ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں