متنازع بالی ووڈ فلم دھرندر کا دوسرا حصہ 19 مارچ کو سینما گھروں کی زینت بنے گا

پاکستان کے شہر کراچی میں کی تاریخ پر مبنی متنازع بالی وڈ فلم دھرندھر کے دوسرے حصے کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان منگل کے روز فلم کے مرکزی اداکار رنویر سنگھ نے سوشل میڈیا پر فلم کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے کیا۔ فلم دھرندھر: دی ریونج 19 مارچ کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

بھارتی جاسوسی اور ایکشن تھرلر فلم دھرندھر کی ہدایت کاری آدتیہ دھار نے کی تھی اور یہ فلم لیاری میں ماضی میں ہونے والی گینگ وار سے متاثر بتائی جاتی ہے۔ فلم نے بھارت اور پاکستان دونوں ممالک میں خاصی توجہ حاصل کی، جہاں ایک جانب بعض حلقوں نے اسے تفریحی فلم قرار دیا، وہیں دوسری جانب اس کے مواد اور بیانیے پر شدید تنقید اور غم و غصے کا اظہار بھی کیا گیا۔

فلم کی کہانی رنویر سنگھ کے کردار کے گرد گھومتی ہے، جو ایک بھارتی خفیہ ایجنسی کا اہلکار ہے اور حمزہ علی مزاری کے نام سے کراچی کے علاقے لیاری میں داخل ہو کر گینگ لیڈر رحمان ڈکیت کے قریبی ساتھی بن جاتا ہے۔ رحمان ڈکیت کا کردار اکشے کھنہ نے ادا کیا۔ فلم میں دکھایا گیا ہے کہ مرکزی کردار کس طرح آہستہ آہستہ گینگ میں اپنی جگہ بناتا ہے اور آخرکار کراچی کے جرائم پیشہ نظام میں طاقت حاصل کرتا ہے۔ فلم میں پاکستان پر دہشت گردی کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں، جنہیں پاکستان ماضی میں متعدد بار مسترد کر چکا ہے۔

پہلی فلم کا اختتام اس منظر پر ہوتا ہے جہاں حمزہ علی مزاری رحمان ڈکیت کو قتل کر دیتا ہے اور کراچی کے جرائم پیشہ منظرنامے میں اس کی جگہ لے لیتا ہے۔ دوسرا حصہ اسی کہانی کا تسلسل بتایا جا رہا ہے، جس میں انتقام کے پہلو کو مزید نمایاں کیا گیا ہے۔

جاری کیے گئے نئے ٹیزر میں رنویر سنگھ ایک نئے انداز میں نظر آتے ہیں، جہاں ان کی شکل پہلے حصے کے مقابلے میں زیادہ صاف ستھری اور نوجوان دکھائی گئی ہے، تاہم غصہ اور شدت بدستور موجود ہے۔ ٹیزر میں دکھایا گیا ہے کہ مرکزی کردار کراچی کے سیاسی اور مجرمانہ ڈھانچے میں مزید گہرائی سے داخل ہو کر شہر میں بدامنی اور تشدد کو فروغ دیتا ہے اور اپنے ملک پر ہونے والے مبینہ حملوں کا بدلہ لیتا ہے۔

ٹیزر میں کئی معروف اداکاروں کی واپسی بھی دکھائی گئی ہے، جن میں سنجے دت بطور چوہدری اسلم، آر مادھون اور ارجن رامپال شامل ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ فلم کی کہانی اور نظریاتی سمت پہلے حصے ہی کی طرح برقرار رہے گی۔

فلم کا ٹیزر اسی جملے پر ختم ہوتا ہے جو پہلے حصے میں بھی شامل تھا،“یہ نیا ہندوستان ہے، یہ گھر میں گھسے گا بھی اور مارے گا بھی۔”

اگر باکس آفس کی کامیابی کو معیار بنایا جائے تو دھرندھر ایک غیر معمولی کامیابی قرار دی جا سکتی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق فلم نے ریلیز کے صرف 24 دن میں بھارتی باکس آفس پر 6.9 ارب بھارتی روپے کمائے اور یہ ملک میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندی فلم بن گئی۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں