فوجی تعاون کے لیے ’’چائنا پاکستان سکیورٹی پارٹنرشپ‘‘ ناگزیر ہے، چینی قونصل جنرل سن یان

لاہور میں چین کے قونصل جنرل سن یان نے پاکستان اور چین کے درمیان ’’چائنا پاکستان سکیورٹی پارٹنرشپ‘‘ کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اسے فوجی تعاون، انسدادِ دہشت گردی اور سکیورٹی اقدامات کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا ہے۔

پاک -چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے سلسلے میں انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز اینڈ میڈیا ریسرچ کے چیئرمین محمد مہدی کے گھر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل سن یان نے اپنے خیالات کااظہار کیا۔

تقریب میں سینیٹر پرویز رشید، سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی، سہیل وڑائچ، سلیم بخاری، محمد مہدی اور یاسر حبیب خان سمیت مختلف شخصیات نے شرکت ہوئیں۔

اس موقع پر چینی قونصل جنرل سن یان نے کہا کہ دونوں ممالک نے سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت انفراسٹرکچر، صنعت اور رابطہ کاری کے منصوبوں میں تعاون کو تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زراعت، ٹیکنالوجی اور افرادی قوت کی تربیت کے شعبوں میں بھی تعاون کو وسعت دی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دو پاکستانی خلا باز اس وقت چین میں خصوصی تربیت حاصل کر رہے ہیں اور ان میں سے ایک خلا باز مستقبل میں چین کے خلائی اسٹیشن کے ابتدائی مشن میں شامل ہونے والا پہلا غیر ملکی بن سکتا ہے۔

سن یان نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں چین کی مسلسل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر دور میں مضبوط اور قابل اعتماد رہی ہے۔

محمد مہدی نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات روایتی سفارت کاری سے آگے بڑھ کر ایک پائیدار اسٹریٹجک شراکت داری کی شکل اختیار کر چکے ہیں، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورۂ چین نے تعاون کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔

سینئر صحافی سہیل وڑائچ اور سلیم بخاری نے کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لیے چینی زرعی ٹیکنالوجی سے استفادے کی ضرورت پر زور دیا۔

مقررین نے اس موقع کو پاک چین تعلقات کی 75 سالہ تاریخ میں ایک اہم سنگ میل اور مستقبل میں تعاون کے نئے دور کا آغاز قرار دیا۔

اس پر وقار تقریب میں حفیظ اللہ نیازی ، نوید چودهری ، محمد حسان ، صفدر خان ، اراکین پنجاب اسمبلی عمران جاوید ، رانا راشد منہاس ، سپریم کورٹ ایگزیکٹو کمیٹی کے ركن امجد شیرازی ، سیکرٹری ریونیو پنجاب شفقت اللہ مشتاق بھی شریک ہوئے۔

اپنا تبصرہ لکھیں